ریاض(نیوز ڈیسک) یوں تو بارش کسی بھی ملک کے لیے نعمت سے کم نہیں مگر سعودی عرب جیسے صحرائی ملک کے لیے بارش کی خاص اہمیت ہے، لیکن ماہرین نے سعودی حکومت کو خبردار کردیا ہے کہ اگر حد سے زیادہ بارشیں ہوئیں تو ملک میں موجود ڈیم ان کا پانی نہیں روک پائیں گے اور اس سے وادیوں اور نشیبی علاقوں کی آبادی شدید متاثر ہو گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے ڈیم بارش کا ایک حد سے زیادہ پانی جمع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ڈیموں کی ناقص دیکھ بھال کے باعث ان میں کافی حد تک مٹی جمع ہو چکی ہے جس سے ان کی گنجائش شدید متاثر ہوئی ہے۔ اب اگر زیادہ بارشیں ہوئیں تو یہ کناروں سے بہہ نکلیں گے اور ملک کو سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پرنس سلطان انسٹیٹیوٹ فار انوائرنمنٹ، واٹر اینڈ ریزرٹ ریسرچ کے ڈائریکٹر عبدالملک بن عبدالرحمان الشیخ کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں شدید بارشیں ہوئیں تو مکة المکرمہ، جدہ اور تبوک سمیت ملک کا وسیع علاقہ سیلاب سے متاثر ہو گا۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عبدالملک بن عبدالرحمان نے ڈیموں کی دیکھ بھال کرنے والے سرکاری اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی تعمیر و مرمت کا خاص خیال رکھیں اور ان سے مٹی کی صفائی کروائیں تاکہ ان کی گنجائش میں اضافہ ہو سکے۔ان اداروں کو سیلاب کی پیشگی وارننگ جاری کرنے کے لیے بھی کوئی نظام وضع کرنا چاہیے تاکہ عوام ممکنہ سیلاب سے کم سے کم متاثر ہوں۔