پیرس(نیوزڈیسک)فرانس کے وزیر اعظم مینوئل والس نے ملکی پارلیمنٹ میں ایمرجنسی کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کے مسودے پر بحث کے دوران کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے پیرس میں حملے کرنے والے شدت پسند اور ان کے ساتھی کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال بھی کر سکتے تھے،میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی وزیر اعظم نے کہا کہ فرانس میں دہشت گردی اس لیے نہیں کی گئی کہ فرانس شام اور عراق میں فوجی کارروائی میں مصروف ہے بلکہ فرانس جو کچھ ہے اس وجہ سے یہ دہشت گردی کی گئی۔دریں اثناءفرانسیسی پولیس کے ماہرین پیرس کے مضافات میں کیے گئے آپریشن میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اور اس بات کے تعین کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ آیا مرنے والوں میں پیرس حملوں کے مبینہ منصوبہ ساز عبدالحمید اباعود بھی شامل ہیں یا نہیں۔