لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کو انڈیا جاکر کرکٹ سیریز نہیں کھیلنی چاہیے۔واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں ایک مکمل سیریز شیڈول ہے لیکن دونوں ملکوں کے موجودہ تعلقات اور ہندوستانی حکومت کی سرد مہری کی وجہ سے سیریز پر شکوک کے بادل چھائے ہوئے ہیں.تاہم اب بی سی سی آئی نے اپنے موقف میں نرمی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ دسمبر میں پاکستان یا متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں لیکن یہ سیریز ہندوستان میں ہوسکتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی سربراہ ششانک منوہر نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ دسمبر میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ یہ سیریز پاکستان یا متحدہ عرب امارات میں ممکن نہیں ہوسکتی تاہم اس کا انعقاد شمالی ہندوستان میں ہوسکتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ان کا گورننگ بورڈ کو مشورہ ہے کہ اگر بی سی سی آئی کی طرف سے ایسی تجویز آتی ہے تو ہمیں انکار کردینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 2007 اور 2012 میں بھی ایسا ہی ہوا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالی اعتبار سے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی بورڈ کو اپنے معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے جس کے تحت انہیں 2015 سے 2023 کے درمیان چھ سیریز کھیلنی ہیں۔عمر اکمل کے حالیہ تنازعے پر سیٹھی کا کہنا تھا کہ عمراکمل کے معاملے پرکوئی واضح تصویرسامنے نہیں آرہی، تحقیقات کیلئے بلے باز کو خط لکھ دیاہے، تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔