کراچی(نیوز ڈیسک)یونس خان کے ریٹائرمنٹ بم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہلا کر رکھ دیا، چیئرمین شہریار خان اورچیف سلیکٹر ہارون رشید نے مارے حیرت کے انگلیاں دانتوں میں دبا لیں۔تفصیلات کے مطابق سینئر بیٹسمین یونس خان نے انگلینڈ سے 4 ون ڈے میچز کی سیریز سے قبل ہی صرف ایک میچ کھیلنے کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرکے شائقین کے ساتھ بورڈ کو بھی حیران کردیا۔ چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ مجھے نہ صرف یونس کے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے بلکہ اس کی ٹائمنگ پر بھی کافی مایوسی ہوئی، انھیں پوری سیریز کے لیے منتخب کیا گیا تھا، یونس خان بہت اچھا کھیل رہے تھے۔اسی لیے سلیکٹرز نے محسوس کیا کہ انھیںپھر سے ایک روزہ میچز میں حصہ لینا چاہیے، مجھے ان کی ریٹائرمنٹ پر کافی حیرانی ہوئی،اس کے باوجود ہم انھیں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر شایان شان انداز میں الوداع کہیں گے۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بھی سینئر بیٹسمین کے فیصلے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب میں ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کیلیے شارجہ گیاتب یونس خان سے بھی ملاقات کی تھی۔اس وقت انھوں نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیاکہ وہ پہلے میچ کے بعد ہی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے سینئر پلیئر کی موجودگی کو ضروری سمجھتے ہوئے مڈل آرڈر کے استحکام کیلیے یونس کو منتخب کیا تھا، ہمارے اس فیصلے کے پیچھے مستقبل کے چیلنجز بھی شامل تھے، انھوں نے کبھی اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ہم سے بات نہیں کی۔ ہارون رشید نے واضح کیا کہ یونس کی ریٹائرمنٹ کے باوجود ٹیم کا توازن نہیں بگڑے گا، ہم نے پہلے ہی 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔