شارجہ (نیوزڈیسک)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ انگلینڈ سے سیریز ہمارے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے، سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ تبدیل ہوچکی ہے، 300 پلس رنز کا دفاع بھی آسان نہیں رہا اس لئے انگلش ٹیم سے کانٹے دار مقابلے ہوں گے۔ وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے باوجود ہماری ٹیم بہترین نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور انگلش ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یاسر شاہ سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے کیونکہ وہ بھرپور فارم میں ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے اپنی فٹنس اور فارم کو بحال رکھنے کےلئے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی ٹیسٹ سیریز میں ابھی کافی وقت درکار ہے، ایک لمبے عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کےلئے بہت مشکل ہوتا ہے اس لئے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خود کو کھیل سے منسلک رکھیں، اس سے ان کی فٹنس اور فارم بحال رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کےلئے تیار ہیں۔