لندن(آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی مستقبل کے بارے میں ملک میں ہی نہیں پوری دنیا میں چہ مگوئیاں ہورہی ہیں۔ برطانوی میڈیا میں بھی سوال زیر گردش ہے کہ کیا 41 سالہ لیڈر اپنے وعدے کے مطابق ٹاپ فارم میں اور عین عروج کے وقت کرکٹ کو خیرباد کہیں گے یا آئندہ برس جولائی میں پاکستان ٹیم کی دورئہ انگلینڈ میں قیادت کریں گے۔ خود مصباح کا کہنا ہے کہ میری ابھی کرکٹ کھیلنے کی چاہت اور رنز بنانے کی بھوک ختم نہیں ہوئی ہے لیکن سات آٹھ ماہ کھیل سے دور رہ کر فارم اور فٹنس برقرار رکھنا اور دوبارہ ٹاپ کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنا ہمیشہ دشوار ہوتا ہے۔ مذکورہ بیان کو انگلش میڈیا میں ان کے کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق مصباح الحق آئندہ موسم گرما میں کسی انگلش کلب سے کھیل کر سیریز کی تیاری کرسکتے ہیں۔ مصباح کہہ چکے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے سے متعلق سوچنے کیلیے ابھی میرے کافی وقت ہے ۔