اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں ایک تہائی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جی ایس پی پلس ملنے کے پہلے سال 2014 میں یورپی یونین کوبرآمدات میں 21.24فیصد اضافہ ہوا اور اس سال کے پہلے 7 ماہ میں جی ایس پی پلس ملنے سے پیشترسال کے پہلے 7ماہ کی نسبت 12.5 فیصد اضافہ ہوا جو انتہائی قابل اطمینان ہے۔
جی ایس پی پلس سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی برآمدات کو خاطر خواہ سہارا ملا اور عالمی تجارتی منڈیوں میں مندی کے باوجود یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کو فروغ حاصل ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اپنی عالمی ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔
پاکستان واحد ملک ہے جس نے عالمی ذمے داریوں کے نفاذ کے لیے نیا ادارہ قائم کیا، وزیر اعظم آفس کے تحت ٹریٹی امپلی منٹیشن سیل قائم کیا گیا ہے جو چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے انسانی حقوق قوانین سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے موجودہ حکومت کے دور میں 3نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔
ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد کمی ہوئی اور امن وامان کو فروغ ملا، پاکستان کی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہوئی جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی اور پاکستان میں جمہوریت کو تقویت ملی۔ انھوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس 10سال کے لیے ہے، اس کا پہلا ریویو آئندہ سال متوقع ہے جس میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزیدپڑھیئے :جیوکے معروف اینکرکاریحام خان کوسونے کے ہارکاتحفہ ،جوطلاق کی وجہ بنا
مزیدپڑھیئے :کرسٹینابیکرنے عمران خا ن کے لئے اسلام کیوں قبول کیا۔۔؟