ممبئی (نیوز ڈیسک) منہ کی بدبو آپ کے لئے کسی بھی محفل میں شرمندگی اور ارد گرد بیٹھے لوگوں کے لئے ناگواری کا باعث بنتی ہے۔ منہ کی بو کے خاتمہ کے لئے بازار میں متعدد ماتھ واش دستیاب ہیں لیکن ان سے بھی بعض اوقات مسائل پیداہوتے ہیں ، اس ضمن میں کچھ سادہ ٹوٹکے کافی حدتک معاون ہیں۔ پانی پانی زیادہ پینے کے علاوہ اس کے ساتھ آہستہ آہستہ غرارے بھی کریں۔ ہائیڈریشن منہ کی بو کا ایک اہم علاج ہے، کیوں کہ آپ کا جسم جب ڈی ہائیڈریٹڈ ہوتا ہے تو منہ میں تھوک کی پیدائش میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور یہ کمی منہ میں بدبو پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ وٹامن سی مالٹا، لیموں سمیت ترش پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ وٹامن سی منہ کو تازہ رکھتے ہوئے اس میں بو پیدا نہیں ہونے دیتا۔ سیب جب ہم سیب کو دانتوں سے کاٹتے ہیں تو تھوک پیدا ہونے کے نظام میں تحریک پیدا ہوتی ہے، جو قدرتی طور پر منہ کی صفائی کا فریضہ سرانجام دیتا ہے۔ دار چینی کی چائے دار چینی کی چائے منہ اور سانسوں کو تازہ رکھنے میں نہایت مفید ہے۔ پودینہ پودینہ کا استعمال منہ کی بدبو کے خاتمے کا نہایت موثر ذریعہ ہے، آپ نے اکثر مختلف ٹوتھ پیسٹ وغیرہ کے اشتہارات میں بھی اس کا ذکر سنا ہوگا تو لہٰذا کھانے میں پودینہ کے استعمال کوبڑھائیں۔ ان کے علاوہ لونگ، سونف اور بڑی الائچی کا استعمال بھی آپ کی سانسوں کو مہکا سکتا ہے۔