شارجہ(آن لائن) محمد حفیظ بطور اوپنر ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ بار ففٹی پلس سکور بنانے والے چوتھے پاکستانی پلیئر بن گئے، حفیظ نے انگلینڈ کے خلاف جاری آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار اننگز کھیل کر ہم وطن بلے باز محمد حنیف کا بطور اوپنر زیادہ بار ففٹی پلس سکور بنانے کا ریکارڈ توڑ ڈالا، حنیف محمد نے 19 بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے بطور اوپنر زیادہ بار ففٹی پلس سکور بنانے کا اعزاز سعید انور کے پاس ہے، انہوں نے 36 بار یہ کارنامہ انجام دیا۔ شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز حفیظ نے ڈٹ کر انگلش باو¿لرز کا مقابلہ کیا اور شاندار نصف سنچری مکمل کی، حفیظ 97 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں اور وہ کیریئر کی نویں سنچری سے صرف تین رنز کی دوری پر ہیں، اس کے ساتھ ہی وہ بطور اوپنر زیادہ بار ففٹی کا ہندسہ عبور کرنے والے چوتھے پاکستانی پلیئر بن گئے ہیں۔ مدثر نذر 24 بار اس اعزاز کے ساتھ دوسرے اور توفیق عمر 21 بار اعزاز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔