شارجہ(نیوز ڈیسک)انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے جہاں مہمان ٹیم نے پہلی اننگ میں 72 رنز کی برتری حاصل کر کے پاکستان کیلئے مشکل وکٹ پر نیا چیلنج کھڑا دیا ہے.انگلینڈ نے شارجہ میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن 222 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اننگ دوبارہ شروع کی تو جیمز ٹیلر اور جونی بیئراسٹو وکٹ پر موجود تھے۔راحت علی نے دن کے آغاز میں ہی پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے جیمز ٹیلر کو پویلین لوٹا دیا، انھوں نے 76 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔نئے بلے باز سمیت پٹیل اور بیئر اسٹو نے اسکور کو 245 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن اسی اسکور پر ذوالفقار بابر نے بیئراسٹو کی وکٹیں بکھیر دیں۔اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان جلد ہی انگلش ٹیم کو چلتا کر دے گا لیکن عادل راشد اور پٹیل نے پاکستانی باؤلرز کے ارمان خاک میں ملا دیے۔دونوں کھلاڑیوں نے 40 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 51 تک پہنچا دیا لیکن کھانے کے وقفے سے محض چند لمحے قبل عادل راشد شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ نے 42 رنز بنانے والے پٹیل کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا جبکہ جیمز اینڈرسن کا وکٹ پر قیام بھی محض سات گیندوں تک محدود رہا۔کندھے کی انجری کے باوجود بین اسٹوکس میدان میں آئے لیکن شعیب ملک نے انہیں کھاتا کھولے بغیر ہی چلتا کردیا۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی لیکن اس نے پہلی اننگ میں 72 رنز کی برتری حاصل کی ہے جو اس مشکل وکٹ پر پاکستانی ٹیم کیلئے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔پاکستان کی جانب سے شعیب ملک چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 234 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔