لاہور(نیوزڈیسک )حکومت آزاد جموں و کشمیر نے تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میںآن لائن سسٹم متعارف کرانے کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سے تعاون کی درخواست کی ہے – سیکرٹری انڈسٹریز آزاد جموں و کشمیر کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ساتھ تفصیلات طے کرنے کے لئے فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا گیا ہے- اس حوالے سے فیصلہ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عابد کے درمیان اسلام آباد میں ایک ملاقات کے دوران کیا گیا – چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے سیکرٹری انڈسٹریز کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن سسٹم کے لئے اپنے عملے کی تربیت اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے سسٹم کو سٹڈی کرنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل او پی سی پنجاب کے ساتھ ملاقات کرےں- انہوںنے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی معاونت سے آزاد جموں و کشمیر میںاوورسیز پاکستانیز کمیشن کے قیام کے لئے وزیر اعظم آزاد کشمیر ،وزیر اعلی پنجاب جبکہ وہ خود چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کریں گے -افضال بھٹی نے اس موقع پربتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اوورسیز پاکستا نیز کمیشن پنجاب تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے موثر کردار ادا کر رہا ہے – انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی شکایات کے ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے درمیان تعاون میں اضافہ ضروری ہے – ڈائریکٹر جنرل او پی سی خواجہ دا¶د، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر ڈوگر ،چیئر مین گلف ریجن نیشنل پیس کونسل احسان دانش اور اوورسیز پاکستانی کرامت خان بھی ملاقات کے دوران موجود تھے –