اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکار جتیندر نے انکشاف کیا ہے کہ کئی دہائیاں قبل خریدی گئی
ایک جائیداد ان کی زندگی کی سب سے فائدہ مند سرمایہ کاری ثابت ہوئی، جس کی موجودہ مالیت سیکڑوں کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جتیندر نے بتایا کہ ماضی کے نامور اداکار بھارت بھوشن، جو فلم بیجو باورا کے باعث شہرت رکھتے تھے، مالی مشکلات کے دور سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران انہوں نے اپنا پالی ہل میں واقع بنگلہ فروخت کرنے کی پیشکش کی۔اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر اپنے والد سے مشورہ کیا، جنہوں نے بنگلہ خریدنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ جتیندر کے مطابق اس وقت ان کا پورا خاندان صرف 10×20 فٹ کے ایک کمرے میں رہتا تھا، اس لیے بنگلہ خریدنا ان کے لیے ایک خواب پورا ہونے کے مترادف تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں یہ بنگلہ 4 لاکھ 25 ہزار بھارتی روپے میں خریدا گیا، جس کے ساتھ تقریباً 3450 مربع فٹ کا پلاٹ بھی شامل تھا۔ تاہم نئے گھر میں منتقل ہونے کے بعد ان کی مسلسل چار فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوئیں،
جس کے باعث انہیں محسوس ہونے لگا کہ یہ مکان ان کے لیے خوش قسمت ثابت نہیں ہو رہا، چنانچہ انہوں نے وہاں سے منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔جتیندر نے مزید بتایا کہ کئی برس بعد ایک ڈیولپر نے اس جائیداد کی ازسرِ نو تعمیر کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ان کے مطابق بنگلے میں استعمال ہونے والی برما ٹیک کی قیمتی لکڑی ہی انہیں اصل خریداری قیمت سے تقریباً تین گنا زیادہ منافع دے گئی۔اداکار کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہی جائیداد ان کی زندگی کی سب سے قیمتی سرمایہ کاری بن گئی، کیونکہ آج اس کی مالیت تقریباً 450 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔



















































