لاہور (این این آئی)پاکستان نے عالمی مقابلہ حسن مس ورلڈ کی 73سالہ تاریخ میں پہلی بار باضابطہ طور پر شرکت کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
تاریخی موقع پر انیقہ جمال اقبال کو مس ورلڈ پاکستان 2026ء کا تاج پہنایا گیا جو مس ورلڈ 2026مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ انیقہ جمال اقبال کی تاج پوشی لاہور میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ڈاکٹر شفق اختر نے انہیں تاج پہنایا، مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن کا قیام 2002ء میں عمل میں آیا تھا، گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستانی خواتین کو مختلف عالمی مقابلہ حسن تک پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ادارے کی سربراہ سونیا احمد کا کہنا ہے کہ مس ورلڈ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت نہ صرف عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا اہم سنگِ میل ہے بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی خواتین مختلف شعبوں کی طرح بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ 1989میں اداکارہ اور ماڈل انیتا ایوب نے پاکستان کی جانب سے مس ایشیا پیسیفک انٹرنیشنل میں حصہ لیا تھا،
تاہم ایک متنازع بیان کے بعد انہیں مقابلہ ادھورا چھوڑنا پڑا تھا۔بعد ازاں مختلف پاکستانی امیدواروں نے مس ارتھ، مس سپرا نیشنل، مس انٹرنیشنل، مس گرینڈ انٹرنیشنل، مس کاسمو اور دیگر عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 2023 میں ایریکا رابن پہلی پاکستانی امیدوار بنیں جنہوں نے مس یونیورس کے مرکزی مقابلے میں شرکت کی، جبکہ بعد ازاں نور زرمینہ، روما ریاض اور دیگر امیدوار بھی اس پلیٹ فارم تک پہنچیں۔



















































