کوئٹہ/اسلام آباد(این این آئی) بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 40 مسافر جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے
جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزراء نے حادثے پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک مسافر کوچ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں اب تک 40 مسافر جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق زخمیوں کو ریسکیو کر کے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ،جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے اور منتقل کرنے کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ،حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا ،دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ریسکیو اہلکار مسلسل آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ژوب۔شیرانی شاہراہ پر مسافر بس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے شیرانی دانہ سر میں ہونے والے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے دعاکی۔وزیراعظم نے حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کوہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی صوبائی حکومت نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ انتظامی افسران کو حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ژوب کے دانہ سر علاقے میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یقین ہے کہ متعلقہ حکام حادثے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بس حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ڈانہ سر کے مقام پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحدی پٹی میں پیش آنے والے افسوسناک بس حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش حادثہ ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دانہ سر میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی بھی دعا کی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنیب لوچستان کے ضلع ژوب میں مسافر بس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور مرحومین کے لواحقین کے کویہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ سیدال خان ناصر نے حادثے میں زخمی ہونے والوں افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو بروقت علاج، طبی سہولیات اور ہر ممکن امداد کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔



















































