ہرارے(نیوز ڈیسک) زمبابوے کے خلاف افغانستان ٹیم کو تاریخی فتوحات سے ہمکنار کرانے والے کوچ انضمام الحق پر میزبان بورڈ کی نظر کرم پڑگئی، زمبابوین کرکٹ نے ان کی بطور بیٹنگ کوچ خدمات حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔افغانستان نے کسی بھی ٹیسٹ ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ایسوسی ایٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا، اس کے بعد ٹیم نے دو ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز میں بھی کلین سویپ کیا، اس شرمناک شکست پر زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنے بیٹنگ کوچ اینڈی والر اور بولنگ کوچ ڈگلس ہونڈو کی چھٹی کردی البتہ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔زمبابوین کرکٹ بورڈ کے حکام بطور واٹمور نائب انضمام کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم میزبان بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو والفریڈ مکونڈیوا نے اطلاعات کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا، انھوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں ایسی شرمناک صورتحال سے بچنے کے لیے ہر ممکن آپشن پر غور کررہے ہیں۔