لاہور(نیوزڈیسک)مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کی چئیرمین پی سی بی شہریار خان نے منظوری دے دی۔یونس خان انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 257 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ سکورر ہیں ، مڈل آرڈر بیٹسمین کی اچھی کارکردگی کے بعد سلیکشن کمیٹی پر سینئر بلے باز کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کے لیے کافی دباﺅ تھا۔چئیرمین شہریار خان بھی یونس خان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے چکے ہیں تاہم ہیڈ کوچ وقار یونس ون ڈے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کے حق میں ہیں۔37 سالہ کرکٹر یونس خان کو ون ڈے فارمیٹ کھلانے کے لیے باصلاحیت بیٹسمین بابر اعظم کو جگہ خالی کرنا ہوگی ، ٹیسٹ کرکٹ کے برعکس ون ڈے فارمیٹ میں یونس خان کا ریکارڈ متاثر کن نہیں ۔مڈل آرڈر بلے باز پاکستان کی چار ورلڈ کپ مقابلوں میں نمائندگی کر چکے ہیں اور صرف دو نصف سنچریاں ہی سکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔