نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کے بلائنڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے ایشیا کرکٹ کپ فار بلائنڈ میں شرکت سے انکار کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کردی ہے ۔پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ کونسل نے گذشتہ ہفتے بھارت میں پی سی بی کے حکام اور پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں سے ہونے والے ناروا سلوک پر سکیورٹی خدشات کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو لکھے گئے ایک خط میں بھارتی بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مہانتیش جی کے نے کہا کہ پاکستان کے ایشیا کپ سے باہر نکلنے کے فیصلے سے صدمہ اور تکلیف ہوئی ہے۔ٹورنامنٹ کا انعقاد کوچی میں ہو رہا ہے جو بھارت کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے اور یہاں پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں پہلے بھی میچ کھیل چکی ہیں۔خط میں یہ یاد دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے حکام نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے دعوت ناموں کی ہمیشہ بہت قدر کی اور ان کی ٹیم نے نامساعد حالات کئی مشکلات اور سکیورٹی خطرات کے باوجود 2011 او 2014 میں پاکستان کا دورہ کیا۔مہانتیش جی کے نے اپنے مراسلے میں کہا کہ وہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں تاہم انھوں نے اصرار کیا کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہونے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق پاکستان بھارت سے کھیلوں کے روابط برقرار رکھنا چاہتا ہے تاہم اس معاملے پر وہ دفترِ خارجہ سے مشاورت کریں گے اور جس بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں