شارجہ (نیوزڈیسک)شعیب ملک اور یونس خان کے بعد اظہر علی بھی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں شامل ہوگئے،قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ شارجہ ٹیسٹ جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے ۔ اپنے ایک بیان میں اظہر علی نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ جیتنے سے ٹیم کا مورال بلند ہے اور سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ہمارے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ جیت کر ہم آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملی تو اسے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نبھانے کےلئے پوری طرح سے تیار ہیں مگر خواہش ہے کہ مصباح الحق ٹیسٹ کیریئر جاری رکھیں اور اپنی موجودہ فارم اور فٹنس برقرار رکھتے ہوئے کھیلتے رہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں اس وقت چوتھے نمبر پر ہے اور اگر پاکستانی ٹیم انگلینڈ سے سیریز 2-0 سے جیت جاتی ہے تو وہ دوسرے نمبر پر آجائے گی۔