لاہور(نیوزڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا ،نوجوان آل راﺅنڈر عماد وسیم زخمی ہونے کے سبب سیریز سے باہر ہو گئے ۔حالیہ مختصر طرز کی کرکٹ میں اپنے آل راﺅنڈر کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ بنانے والے عماد وسیم قائد اعظم ٹرافی کے ڈومیسٹک میچ کے دوران انگلی زخمی کرا بیٹھے۔عماد وسیم ڈائمنڈ کلب گراﺅنڈ اسلام آباد میں یونائیٹڈ بینک (یوبی ایل)کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں اسلام آباد کی ٹیم کی نمائندگی کررہے تھے جہاں گیند لگنے کے سب وہ زخمی ہو گئے۔طبی معائنے کے دوران ان کی انگلی میں فیکچر کا انکشاف ہوا جس کے سبب وہ تین سے چھ ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے اور انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔پی سی بی نے عماد وسیم کو نیشنل کرکٹ اکیڈیمی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔میچ کے تیسرے روز انگلی میں فریکچر کے باعث وہ بیٹنگ نہیں کرپائے۔ ان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں پر 88رنز بنائے ہیں۔ اسے قبل یوبی ایل کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 399رنزبناکر آﺅٹ ہوگئی تھی۔عماد نے اب تک محض پانچ ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کا مختصر تجربہ رکھتے ہیں لیکن ان کی آل رانڈ صلاحیتوں کی وجہ سے کرکٹ ماہرین انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دے رہے ہیں اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ان کی عدم دستیابی سے پاکستان کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے.