کھٹمنڈو ((نیوزڈیسک)نیپال نے بھارت کی جانب سے تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کرنے کے بعد تیل کی کمی پوری کرنے کےلئے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا ۔امریکی میڈیا کے مطابق نیپال آئل کارپوریشن کے افسر دیپک برل نے کہا کہ بیجنگ میں چائنا نیشنل آئل کارپوریشن سے تیل کی درآمد کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں اس حوالے سے تفصیلات کا ابھی طے ہونا باقی ہے۔بھارت نے نیپال کو تیل مہیا کرنے پر پابندی اس وقت لگائی تھی جب نیپال میں مدھیشی برادری نے نئے آئین میں مزید حقوق کے لیے مظاہرے کیے۔مدھیشیوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا اس علاقے کی مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رکھی ہے۔بھارت کی سرحد سے متصل ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا خیال نہیں رکھا گیا ۔