کراچی(نیوزڈیسک)پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ (پی ایس ایل)میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب سنگاکارا سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے بھی لیگ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی جے وردنے کے ساتھی کرکٹر اور عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
جے وردنے نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ رواں سال ورلڈ کپ کے بعد وہ ایک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو گئے تھے۔149 ٹیسٹ، 448 ایک روزہ اور 55 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرنے والے جے وردنے لیگ کا حصہ بننے والے 150 سے زائد کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔اب تک ویسٹ انڈیز، سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں نے لیگ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔پی سی بی کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے سنگاکارا کے لیگ کا حصہ بننے کی خوشخبری دی اور اب ہم مہیلا جے وردنے کو لیگ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔جے وردنے بلاشبہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور لیگ کے معیار میں اضافے کا سبب بنیں گے۔پی ایس ایل کے پہلے سیزن کا انعقاد 4 سے 24 فروری 2016 کو ہوگا جس میں کوئٹہ، لاہور، پشاور، کراچی اور اسلام آباد پر مشتمل پانچ ٹیمیں شامل ہوں گی۔
(Visited 1 times, 6 visits today)