کراچی (نیوزڈیسک)تاریخ خود کو پھر دہرا گئی ۔ آئی ایم ایف مذاکرات کے دوران روپیہ 106روپے تک گر گیا ۔ اسے حسن اتفاق کہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ڈالر کی قدر میں اضافے کا سبب بنتے ہیں ۔ دبئی میں پیر سے شروع ہونے مذاکرات کے نویں دور کے دوران ڈالر کی شرح تبادلہ104روپے 50 پیسے سے بڑھ کے 106 روپے 10 پیسے تک ریکارڈ کی گئی ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ آٹھویں دور کے دوران بھی ڈالر کی قدرمیں اضافہ ہوا تھا ۔ اس وقت ڈالر کی قدر 102 روپے سے بڑھ کر104روپے سے تجاوز کر گئی تھی ۔ انٹربینک مارکیٹ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز 105 روپے 24 پیسے پر بند ہونے کے بعدبدھ کو کاروبار کے آغاز ہی سے ڈالر کی خریداری کا رجحان رہا ۔ کاروبار کے آغاز کے ابتدائی چند منٹوں کے دوران ڈالر کی قدر86 پیسے اضافے سے 106 روپے 10 پیسے تک ریکارڈ کی گئی تاہم اس موقع پر ڈالر کی رسد آنے سے روپے کی قدر 105 روپے 60 پیسے تک نیچے آگئی ۔