نئی دلی(نیوزڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز کے لئے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا،صوبہ بہار میں 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد پاک بھارت سیریز سے متعلق فیصلے کا امکان ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز کی اجازت کے لئے حکومت کو خط لکھ دیا جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈ کے درمیان فیوچرٹور پروگرام کے تحت رواں سال دسمبر میں سیریز کھیلنا ہے اس لئے اس حوالے سے بتایا جائے کہ کیا کیا جائے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ صوبہ بہار میں 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد پاک بھارت سیریز سے متعلق فیصلہ ہوسکتا ہے اور بی سی سی آئی 18 یا 19 نومبر کو اہم اجلاس میں حکومتی اجازت پر حتمی فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ فیوچرٹورپروگرام کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 سال کے دوران 6 سیریز کھیلنا ہیں جبکہ انڈین بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے لئے ماحول سازگار نہیں۔