اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران اس وقت شدید معاشی مشکلات کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث ملکی کرنسی ایرانی ریال کی قدر تاریخ کی کم ترین سطح تک گر گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قیمت تقریباً پندرہ لاکھ تک جا پہنچی ہے، جو اب تک ریکارڈ کی گئی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہی شرح ایران بھر میں ایکسچینج دکانوں پر بھی دی جا رہی ہے۔
ایران کو طویل عرصے سے عالمی پابندیوں اور اندرونی انتظامی مسائل کے باعث شدید اقتصادی دباؤ کا سامنا ہے۔کرنسی کی اس بدترین گراوٹ کا انکشاف اس واقعے کے چند ہفتے بعد ہوا ہے جب تہران کے تاریخی گرینڈ بازار میں تاجروں نے احتجاجاً اپنی دکانیں بند کر دی تھیں۔ اس احتجاج کی بنیادی وجہ ریال کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر اور بگڑتی معاشی صورتحال تھی۔بعد میں یہ احتجاجی مظاہرے دوسرے شہروں تک پھیل گئے اور کئی مقامات پر پرتشدد رخ اختیار کر گئے، جس سے حکومت کو داخلی سطح پر ایک بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔















































