اسلام آباد’پشاور(این این آئی)این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر 29 جنوری تک الرٹ جاری کر دیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید برفباری متوقع ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں۔ ادارے نے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق اتوار رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشے کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















































