لاہور (این این آئی)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار راشد محمود نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کے لیے دعاوں کی اپیل کردی۔راشد محمود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے مداحوں کو اپنی صحت کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں پچھلے 21 دنوں سے بستر پر پڑا ہوں۔ میں دل کا مریض تو پہلے سے ہی تھا اور اب مہروں کی ایک نئی تکلیف میں مبتلا ہوگیا ہوں۔اداکار نے مزید بتایا کہ جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے میرا علاج ہونا شروع ہوا پھر مختلف قسم کے ٹیسٹ بھی ہوئے اور اب میں اٹھ کر خود چلنے کے قابل ہوا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ تکلیف تو ابھی بھی ہو رہی ہے لیکن اس شدت سے نہیں ہے جتنی شدت سے پہلے تھی۔راشد محمود نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ملک کا ایک مزدور ہوں، کبھی کسی سے کچھ نہیں مانگا، دعا کریں کہ میں مکمل صحتیاب ہو جاوں تاکہ میری زندگی کا تسلسل برقرار رہے کیونکہ میں کوئی نہ کوئی کام کرتا رہوں تو میرا گھر چلتا ہے۔















































