اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دارالحکومت میں شہریوں سے آن لائن دھوکہ دہی کے مقدمے میں 7 چینی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 12 ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
تفتیشی حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمے میں نامزد دو چینی ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ اس پر عدالت نے دونوں فرار ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت اس سے قبل گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکی ہے۔ استغاثہ نے بتایا کہ ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔















































