اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کاہنہ کے علاقے میں ایک رہائشی مکان سے تین بوسیدہ لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق سینٹرل پارک کے قریب واقع گھر سے برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت 65 سالہ نعمان اختر اور ان کے دو بیٹوں 35 سالہ کامران اور 30 سالہ عمران کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ابتدائی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ لاشیں تقریباً بیس دن پرانی ہیں۔
دوسری جانب اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کئی روز سے دکھائی نہیں دے رہے تھے اور ان کا گھر بھی طویل عرصے سے بند پڑا تھا۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اموات کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔















































