سرگودھا/لاہور(این این آئی)سرگودھا کے قریب شدید دھند کے باعث پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے خواتین اور بچوں سمیت 14افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک ہی خاندان کے 14افراد کے جاں بحق اور متعدد کے شدید زخمی ہونے کے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ سرگودھا کے قصبہ کوٹ مومن کے گاؤں گھلاپور بنگلہ کے قریب پیش آیا، جہاں شدید دھند کے باعث تیز رفتار مزدا ٹرک بے قابو ہو کر پل سے نیچے گھلاپور نہر میں جا گرا۔
ٹرک میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 23افراد سوار تھے جو فیصل آباد میں اپنے ایک رشتہ دار کی وفات پر جا رہے تھے۔حادثے کے نتیجے میں 50سالہ مصری خان، 65سالہ حلیمہ بی بی، 65سالہ یاسین، 35سالہ سونیا بی بی، 35سالہ پٹھانی بی بی، اڑھائی سالہ ہانیہ بی بی، 19سالہ امن فاطمہ، 35سالہ رانی بی بی، 2سالہ حارث، 30سالہ وسیم عباس، 2سالہ اوزین فاطمہ، 2سالہ محمد ثقلین رضا، 6سالہ حور مظہیر اور 16سالہ آمنہ ممتاز جاں بحق ہو گئیں۔حادثے میں 32سالہ شمیم لیاقت، 26سالہ پروین وسیم عباس، 40سالہ نازیہ ظہیر عباس، 4سالہ حسنین عباس، 33سالہ ظہیر عباس، 40سالہ ممتاز، 32سالہ کاشف اور 22سالہ ندیم عباس شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو بعد ازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق متوفین کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا کے قریب مزدا ٹرک کے نہر میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 14افراد کے جاں بحق اور متعدد کے شدید زخمی ہونے کے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زیر علاج زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔















































