اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ہنجروال کے علاقے میں ایک خاتون ڈکیت سرگرم ہو گئی، جس نے لفٹ مانگنے کے بہانے ایک شہری کو روکا اور اسلحہ دکھا کر بھاری رقم لوٹ لی۔پولیس کے مطابق متاثرہ شہری مختیار سے مجموعی طور پر 7 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی۔
واقعے پر متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ مختیار موٹر سائیکل پر کمیٹی کی رقم ادا کرنے کے لیے رانا ٹاؤن جا رہا تھا کہ راستے میں ہنجروال کے علاقے میں ایک خاتون نے لفٹ کا اشارہ کیا۔ جیسے ہی شہری نے موٹر سائیکل روکی، خاتون نے اسلحہ نکال کر اسے یرغمال بنا لیا۔پولیس کے مطابق خاتون ڈکیت کے ساتھ دو کم عمر لڑکے بھی موجود تھے، جن کی عمر تقریباً پندرہ سال بتائی جا رہی ہے۔ یہ واردات گزشتہ روز ہنجروال میں پیش آئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔















































