اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر صوبائی حکومت نے صورتحال واضح کرتے ہوئے باضابطہ بیان جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 10 جنوری کو صوبے بھر کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد مزید چھٹیوں کے امکان پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید کسی توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تمام سکول مقررہ شیڈول کے مطابق اگلے ہفتے کھل جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ شدید سرد موسم کے باعث کیا گیا تھا۔ رانا سکندر حیات کے مطابق اس فیصلے سے قبل پولز کے نتائج، محکمہ ماحولیات اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مشاورت کی گئی تھی تاکہ طلبہ کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھا جا سکے۔
دوسری جانب یہ بھی واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ ہفتے وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔















































