اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مشہور ٹی وی اینکر اور کرائم رپورٹر اقرار الحسن نے عملی طور پر سیاست میں شمولیت اختیار کرلی ہے، تاہم ان کی سیاسی آمد سنجیدہ سیاسی بحث کے بجائے سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا مرکز بن گئی ہے۔نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، سرِعام جیسے مقبول پروگرام اور رمضان ٹرانسمیشن شانِ رمضان کے ذریعے شہرت پانے والے اقرار الحسن نے لاہور پریس کلب میں اپنی نئی سیاسی جماعت کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جماعت کے نام اور پارٹی پرچم کی رونمائی بھی کی۔ان کی جماعت کا نام ’’عوام راج پارٹی‘‘ رکھا گیا ہے، جبکہ پارٹی پرچم میں سرخ رنگ کے پس منظر پر پیلے رنگ کا چاند اور ستارہ شامل ہے۔ پارٹی کے نام اور جھنڈے کی تصاویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں، مزاحیہ میمز اور طنزیہ ردِعمل کا سلسلہ شروع ہوگیا۔کئی صارفین نے پارٹی پرچم کے ڈیزائن کو مختلف ممالک اور سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں سے مشابہ قرار دیا، جبکہ بعض نے جماعت کے نام پر بھی تنقید کی اور اسے مذاق کا نشانہ بنایا۔ یوں اقرار الحسن کی سیاسی انٹری خبروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث رہی۔















































