کراچی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ کر مستقل طور پر اسلام آباد منتقل ہونے کی تصدیق کردی۔میڈیارپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے چند ذاتی وجوہات کے سبب کراچی چھوڑ کر مستقل طور پر اسلام آباد منتقل ہونے کی تصدیق کی ہے۔اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر گفتگو میں انہوںنے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل، جمہوری عمل میں تسلسل اور ریاستی اداروں میں آئینی مدت کی تکمیل ہی ترقی کی مضبوط بنیاد بنتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاستی ادارے اپنی مدت مکمل کریں گے تو پالیسیاں برقرار رہیں گی اور ترقی کے ثمرات جلد عام آدمی تک پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک دیکھنا چاہتا ہوں، مگر اس کے لیے سب سے بنیادی عنصر تسلسل ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے دنیا بھر میں عزت، مقام اور شناخت دی۔ میری خواہش ہے کہ اب پاکستان کرکٹ اور ملک کو کچھ واپس لوٹا سکوں، میں فی الحال سیاست میں نہیں آرہا۔انہوںنے کہاکہ حکومت کو اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرنی چاہیے۔ چیف جسٹس اور آرمی چیف سمیت تمام اہم آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جانی چاہیے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ماضی میں اہم حکومتی عہدوں کی پیشکش کی گئی مگر ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے گریز کیا، محض رسمی عہدے میرے لیے کوئی کشش نہیں رکھتے۔















































