فیصل آباد(این این آئی)پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے گودام سے 2 لاکھ کلو گرام گندم غائب ہو گئی۔ایف آئی اے نے پاسکو کے تاندلیانوالہ کے سرکاری گودام سے 2 کروڑوں روپے مالیت کے 2 ہزار بوریاں مٹی میں تبدیل کرنے کے الزام میں چھاپہ مار کر عملے کے 4 ارکان کو حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر شمشیر علی اور تین چوکیدار سہیل، کاشف اور علی شیر کو گرفتار کیا گیا ، ابتدائی طور پر سات کروڑ روپے کی گندم ہڑپ کیے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق گینگ نے 12 ہزار بوریاں سرکاری گندم بروکر کے ذریعے فروخت کیں، گودام میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی ملائی جاتی رہی، ملزمان کی نشاندہی پر پرائیویٹ بروکر کے گودام سے 1350 خالی تھیلے برآمد کیے گئے۔حکام کے مطابق انچارج گودام اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر فیصل امیر اور ناصر خان نے بروکر جمیل کو گندم فروخت کی، پراجیکٹ انچارج عبدالکریم اور زونل ہیڈ پاسکو راؤ طارق کی ملی بھگت شامل ہے، ملزمان کے خلاف چھ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردیا گیا۔















































