قصور(این این آئی)گھریلو ناچاقی پر خاوند نے چھ بچوں کی ماں کو بے دردی سے قتل کر دیا ۔کنگن پور کے نواحی گاں شامے والا میں گھریلو ناچاقی کے باعث دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی ہی بیوی کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے پہلے خاتون کا گلہ دبایا اور بعد ازاں تیز دھار آلے کے وار کر کے اس کی جان لے لی۔
مقتولہ کی شناخت یاسمین کے نام سے ہوئی ہے جو چھ بچوں کی ماں تھی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واردات کے بعد ملزم حنیف موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم کنگن پور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او ملک ظفر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال چونیاں منتقل کر دی۔















































