اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مغربی سمت سے آنے والا بارش لانے والا نیا موسمی سسٹم کل پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید سردی اور دھند کا سلسلہ برقرار ہے، جبکہ بادلوں اور دھوپ کے درمیان وقفے وقفے سے تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ دھند اور بادلوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی سسٹم پنجاب کے میدانی علاقوں کے بجائے مری اور گلیات کے علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا، جبکہ لاہور اور دیگر میدانی علاقوں میں بارش کا امکان کم ہے۔
لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔















































