اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے اپنی آٹو فنانسنگ سہولت کے تحت سوزوکی سوئفٹ خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے ایک نئی اور پُرکشش اسکیم متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے گاڑی نسبتاً کم اور آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس پیشکش میں ریزیڈیول ویلیو فنانسنگ کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے ماہانہ ادائیگی کا بوجھ مزید کم ہو جاتا ہے۔بینک کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق یہ فنانسنگ سہولت سوزوکی سوئفٹ کے تمام دستیاب ماڈلز پر فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سوئفٹ GL مینوئل، GL CVT اور GLX CVT شامل ہیں۔ ان ماڈلز کی قیمتیں تقریباً 44 لاکھ 60 ہزار روپے سے لے کر 47 لاکھ 66 ہزار روپے تک ہیں، جبکہ صارفین اپنی سہولت کے مطابق ایکویٹی کنٹری بیوشن کے مختلف آپشنز منتخب کر سکتے ہیں، جن کا آغاز تقریباً 13 لاکھ 40 ہزار روپے سے ہوتا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوزوکی سوئفٹ GL مینوئل کی قیمت 43 لاکھ 36 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس گاڑی پر 13 لاکھ 44 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے کے بعد تقریباً 29 لاکھ 91 ہزار روپے فنانس کیے جا سکتے ہیں۔ اسٹینڈرڈ فنانسنگ پلان میں اس کی ماہانہ قسط تقریباً ایک لاکھ 2 ہزار 982 روپے بنتی ہے، جبکہ ریزیڈیول ویلیو پلان کے تحت یہی قسط کم ہو کر تقریباً 69 ہزار 567 روپے رہ جاتی ہے۔اسی طرح سوئفٹ GL CVT کی قیمت 45 لاکھ 60 ہزار روپے ہے، جس پر 15 لاکھ 96 ہزار روپے ایکویٹی جمع کروانے کے بعد ریزیڈیول ویلیو پلان میں ماہانہ قسط تقریباً 68 ہزار 711 روپے سے شروع ہوتی ہے۔ ٹاپ ویریئنٹ سوئفٹ GLX CVT کی قیمت 47 لاکھ 19 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جس کی ماہانہ قسط RV پلان کے تحت تقریباً 69 ہزار 128 روپے بنتی ہے۔
یو بی ایل کا کہنا ہے کہ روایتی یا اسٹینڈرڈ فنانسنگ پلان میں ماہانہ اقساط ایک لاکھ 3 ہزار روپے تک جا سکتی ہیں، جبکہ ریزیڈیول ویلیو پلان میں کم ماہانہ ادائیگی کے بدلے معاہدے کی مدت مکمل ہونے پر ایک بڑی رقم ادا کرنا لازم ہوگا۔درخواست دینے کے لیے صارفین یو بی ایل ڈرائیو کے آن لائن پورٹل سے رجوع کر سکتے ہیں۔ یہ آفر محدود مدت اور منتخب برانچز کے لیے دستیاب ہے، جبکہ قیمتوں اور شرائط میں تبدیلی کا امکان بھی موجود ہے۔ تمام درخواستوں کی منظوری بینک کی کریڈٹ پالیسی اور شرائط و ضوابط کے مطابق دی جائے گی۔















































