اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ہونڈا پاکستان نے نئے سال کے آغاز پر ہونڈا سِوک 2026 کے فیس لفٹ ماڈلز کی ابتدائی ریٹیل قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نرخ جنوری 2026 سے لاگو ہوں گے اور صرف محدود عرصے کے لیے تعارفی حیثیت رکھتے ہیں، جس کے بعد قیمتوں میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔چند دن قبل ہونڈا کی جانب سے سِوک کے معمولی فیس لفٹ ماڈلز متعارف کرانے کی اطلاع دی گئی تھی، جن میں تمام ویریئنٹس میں ہونڈا سینسنگ کو بطور اسٹینڈرڈ فیچر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کے فرنٹ گرِل کے ڈیزائن میں تبدیلی سمیت چند دیگر ظاہری اور تکنیکی بہتریاں بھی کی گئی ہیں۔
ابتدائی طور پر کمپنی نے ان ماڈلز کی بکنگ قیمتیں جاری کی تھیں، تاہم اب نئے سال کے موقع پر ہونڈا سِوک فیس لفٹ کی مکمل اور باضابطہ تعارفی ایکس فیکٹری قیمتیں سامنے آ گئی ہیں۔پاکستان میں ہونڈا سِوک فیس لفٹ کی جنوری 2026 سے نافذ العمل تعارفی قیمتوں کے مطابق ہونڈا سِوک اسٹینڈرڈ کی قیمت 84 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، ہونڈا سِوک اورئیل 88 لاکھ 34 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی، جبکہ ہونڈا سِوک آر ایس کی قیمت ایک کروڑ ایک لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام قیمتیں محدود مدت کے لیے ہیں اور تعارفی آفر کے اختتام کے بعد ان میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔















































