اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سڈنی: بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے ایک میچ میں اُس وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہو گئی جب میلبورن رینیگیڈز کی قیادت نے مبینہ طور پر سست رفتار بیٹنگ پر محمد رضوان کو اننگز کے دوران ہی واپس پویلین بھیج دیا۔ یہ فیصلہ دیکھتے ہی دیکھتے موضوعِ بحث بن گیا۔یہ واقعہ پیر کے روز بی بی ایل کے 15ویں سیزن کے 33ویں مقابلے میں پیش آیا، جہاں میلبورن رینیگیڈز اور سڈنی تھنڈر آمنے سامنے تھے۔ میچ کے دوران وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو کپتان کی ہدایت پر ریٹائر آؤٹ کر دیا گیا، جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاذ و نادر ہی دیکھا جاتا ہے۔
اس وقت محمد رضوان 23 گیندوں پر 26 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، تاہم ٹیم انتظامیہ نے ان کی رفتار کو ناکافی سمجھتے ہوئے انہیں بیٹنگ جاری رکھنے کا موقع نہ دیا۔بگ بیش لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ میلبورن رینیگیڈز کے کپتان ول سدرلینڈ رضوان کو پویلین جانے کا اشارہ کرتے ہیں تاکہ وہ خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آ سکیں۔ ویڈیو میں کمنٹیٹر کی آواز بھی سنائی دیتی ہے جو اس فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ قدم پہلے بھی اٹھایا جا سکتا تھا۔ مذکورہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔کرکٹ مداحوں نے محمد رضوان کو اس انداز میں ریٹائر آؤٹ کیے جانے کو نامناسب اور شرمناک اقدام قرار دیا۔واضح رہے کہ محمد رضوان جاری بی بی ایل سیزن میں بیٹنگ کے حوالے سے تسلسل قائم نہیں کر سکے۔
انہوں نے اب تک 8 میچز میں مجموعی طور پر 167 رنز بنائے ہیں، ان کی اوسط 20.88 رہی ہے جبکہ وہ ایک بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔میچ کا خلاصہ یہ ہے کہ میلبورن رینیگیڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز اسکور کیے۔















































