اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب میں سردی کی شدت اور ناموافق موسم کے باعث محکمۂ ہائر ایجوکیشن نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی کالجز اور جامعات کے لیے موسمِ سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اب تعلیمی اداروں میں تعطیلات 10 جنوری کے بجائے 16 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ تدریسی سرگرمیاں پیر 19 جنوری 2026 سے دوبارہ معمول کے مطابق شروع ہوں گی۔حکام کے مطابق یہ اقدام طلبہ اور تدریسی عملے کو شدید سرد موسم کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
تاہم اعلامیے میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ چار سالہ بی ایس پروگرامز اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے اور ان کی کلاسز حسبِ معمول جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ بورڈز اور یونیورسٹیوں کے زیرِ انتظام ہونے والے تمام امتحانات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔محکمۂ ہائر ایجوکیشن نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور طلبہ کو بروقت آگاہ کر کے کسی بھی قسم کی ابہام یا پریشانی سے بچائیں۔















































