اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھا جانے کے باعث کئی اہم موٹرویز پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے پیش نظر مختلف شاہراہوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم تھری کو جڑانوالہ سے فیض پور تک اور ایم فور کو خانیوال سے ملتان تک آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔سنٹرل ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک بھاری گاڑیوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کی شدت کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دورانِ سفر مکمل احتیاط برتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھند کے باعث نظر محدود ہو جاتی ہے جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اسی لیے عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹرویز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔موٹروے پولیس نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی گشت اور رہنمائی کے عملے کو تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ حکام کے مطابق دھند کی شدت کم ہوتے ہی موٹرویز کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موٹرویز پر روانگی سے قبل تازہ ترین ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔















































