کراچی(این این آئی) شادمان ٹاؤن میں پولیس افسر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی عینی شاہد بیٹی کے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں گھر کے باہر پولیس افسر کی فائرنگ سے بیوی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔واقعے کی عینی شاہد اور مقتولہ کی بیٹی عمیمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ والد نے میرے سامنے والدہ کو گولیاں ماریں، اس نے والدہ کے لیے آن لائن ٹیکسی بک کی تھی اور والدہ کورنگی میں اپنی والدہ کے گھر جانے کے لیے فلیٹ کے نیچے کرسی پر بیٹھی ہوئی تھیں۔
بیٹی کا کہنا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر اس کا والد تبسم وہاں پہنچا، پہلے جھگڑا کیا اور پھر والدہ سے پوچھا کہ وہ اس کے ساتھ جا رہی ہیں یا نہیں، انکار پر ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے اس کی والدہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔عمیمہ نے مزید بتایا کہ والد نے اسے بھی مارنے کی کوشش کی، تاہم وہ اندر بھاگ گئی اور جان بچانے میں کامیاب رہی۔ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ مقتولہ کی ملزم پولیس افسر سے دوسری شادی تھی تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کرائم سین پر موجود ہے۔















































