اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی بنیادی وجوہات ایران میں تیل کی پیداوار متاثر ہونے کے خدشات اور وینزویلا سے تیل کی فراہمی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال بتائی جا رہی ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 59 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 62.58 ڈالر تک جا پہنچی۔ اسی دوران ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 54 سینٹ مہنگا ہو کر 58.30 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کے تیل کے معاملات کو غیر معینہ مدت کے لیے اپنے کنٹرول میں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سینیٹ اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کاراکاس میں قائم عبوری انتظامیہ کے ساتھ تیل سے متعلق ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاہدے کے تحت وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل تیل حاصل کیا جائے گا، جسے بعد میں عالمی منڈی کی قیمتوں پر فروخت کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ وینزویلا کے لیے امریکی منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے، جن میں پہلے مرحلے میں استحکام، دوسرے میں بحالی اور تیسرے مرحلے میں مکمل تبدیلی شامل ہے۔















































