اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)محکمۂ موسمیات کی جانب سے سردی کی شدت بڑھنے کی نئی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ انجم نذیر نے بتایا ہے کہ کراچی میں ہفتہ اور اتوار کے دوران سرد موسم مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے جانے کے باعث اس کے اثرات کراچی تک پہنچے ہیں۔
انجم نذیر کے مطابق کوئٹہ سے آنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے کراچی کے درجہ حرارت میں تقریباً دو ڈگری سینٹی گریڈ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی سخت سرد موسم متوقع ہے۔















































