اسلام آباد (این این آئی) ایران اور عراق جانیوالے زائرین کیلئے رواں ماہ پاکستان سے پہلی بار بیرونِ ملک فیری سروس شروع ہونے کی امید پیدا ہوگئی ۔وفاقی وزیر برائے بحری امور و پورٹس اینڈ شپنگ جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ فیری سروس ٹرمینل کی سافٹ لانچنگ 8 جنوری کو کی جائے گی۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی نجی کمپنی کو فیری سروس کیلئے لائسنس جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایران، عراق اور یمن کے سفیروں سے بھی بات چیت کی گئی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ممالک میں فیری سروس آپریٹرز کو پاکستان کی وزارت سے رابطے کی ہدایت دیں۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ک پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں انتظامی سطح پر جو بھی بہتر کارکردگی دکھائے گا، اسے آگے آنے کا موقع دیا جائے گا۔















































