اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جدہ سے ملتان روانہ ہونے والی ایک پرواز میں اس وقت ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی جب دو فضائی میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہو گیا۔
یہ منظر جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیپارچر ایریا میں ریکارڈ ہوا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں فضائی میزبانوں کو معطل کر دیا۔ ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ یہ واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا تھا۔
پی آئی اے کی دو ایئر ہوسٹس جدہ ائیر پورٹ پر آپس میں لڑ پڑیں پہلے تلخ جملوں کا تبادلہ اور گالیاں pic.twitter.com/qld0FWLLWn
— صحرانورد (@Aadiiroy2) December 28, 2025
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی آئی اے کو ایک ایسے ہی معاملے کا سامنا کرنا پڑا تھا جب گزشتہ برس دو مرد کیبن کریو ارکان کینیڈا پہنچنے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے۔ وہ اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پرواز نمبر 772 کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔
ترجمان کے مطابق اس واقعے پر کینیڈین حکام سے رابطہ کیا گیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔















































