ممبئی(نیوزڈیسک) جنوبی افریقا نے بھارت کو پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں 212 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔ممبئی کے وینکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 438 رنز بنائے جس میں تین بلے بازوں کی جانب سے شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ہدف کے تعاقب میں میزبان بھارت نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 35.5 اوورز میں 224 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ بھارت کی جانب سے اجنکایا ریہانے 87 اور شیکر دھاون 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی 27، روہت شرما 16، ویرات کوہلی 7، سریش رائنا 12، ایکزر پٹیل 5 رنز، بھونیشور کمار ایک اور ہربھجن سنگھ بغیر کوئی رنز بنائے او¿ٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رابادا نے 4، ڈیل اسٹین 3، عمران طاہر 2 اور کائل ایبٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈیولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور مہمان ٹیم نے بھارتی بلے بازوں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 438 رنز بنائے۔ اوپنر ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا تو ہاشم آملہ 23 رنز بناکر موہت شرما کی گیند پر آو¿ٹ ہوگئے جب کہ ڈوپلیسی اور ڈی کاک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراو¿نڈ میں چھکوں چوکوں کی بارش کردی تاہم 187 کے مجموعی اسکور پر ڈی کاک 109 رنز بنا کر سریش رائنا کا شکار بنے۔ جس کے بعد تیسری وکٹ پر فاف ڈپلوسی اور کپتان اے بی ڈیویلئرز کے درمیان 164 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعہ 351 تک پہنچا تو فاف ڈپلوسی 166 رنز بنا کر زخمی ہوگئے جب کہ انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔بھارتی بلے باز تیزی سے آگے بڑھتے اسکور کو روکنے کے لئے ہر گر اپناتے رہے لیکن ڈی کاک اور ڈپلوسی کے بعد کپتان ڈیولیئرز کا بلا رنز اگلتا رہا اور ڈویلئرز نے بلے بازوں پر کوئی رحم نہ کیا اور خوب دھلائی کی ، 47ویں اوور میں ڈیویلئرز 11 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 61 گیندوں پر 119 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے جب کہ فرحان بہاردین 16 رنز بنا سکے، ڈیوڈ ملر 22 اور ڈین ایلگر 5 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، موہت شرما،سریش رائنا اور ہربھجن سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ دیا جانے والا ہدف 443 رنز ہے جو 2006 میں سری لنکا نے ہالینڈ کے خلاف بنایا تھا اورمارچ 2006 میں ہی جنوبی افریقن ٹیم جوہانسبرگ میں آسٹریلیا کے خلاف 438 رنز بنا چکی ہے۔