اسلام آباد (نیوز ڈیسک)معروف پاکستانی اینکر پرسن اور ٹی وی میزبان اقرار الحسن نے عملی سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 15 جنوری کو اپنی تحریک کے نام اور دیگر تفصیلات سے عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے۔نوجوانوں سے خطاب کے دوران اقرار الحسن نے پنجاب کی سیاسی و ترقیاتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دور میں صوبے میں نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بھی مختلف انڈر پاسز سمیت کئی منصوبوں پر کام کرایا۔
ان کے مطابق پنجاب کی یہ خوش نصیبی رہی ہے کہ بیشتر حکمرانوں نے عملی کام کیا، جن میں مریم نواز بھی شامل ہیں، البتہ عثمان بزدار کے دور کو انہوں نے اس حوالے سے مختلف قرار دیا۔اقرار الحسن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کسی دکان کی طرح نہیں ہوتیں جو ایک فرد کے بعد دوسرے کو منتقل ہو جائیں، بلکہ یہ مضبوط اداروں کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی پارٹی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بھی اعلان کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی جماعت بنانے کا مقصد ذاتی خیالات مسلط کرنا نہیں بلکہ ایک منظم سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کے قابلِ عمل حل پیش کرنا ہے۔















































