اسلام آباد (نیو ز ڈیسک) آزاد کشمیر کی سیاست میں پاکستان تحریک انصاف کو ایک بڑا جھٹکا لگنے جا رہا ہے، کیونکہ باغ کے حلقہ شرقی سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما سردار میر اکبر خان آج مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔سردار میر اکبر خان اپنی باقاعدہ شمولیت کا اعلان وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور آزاد کشمیر کی قیادت بھی اس موقع پر موجود ہوگی۔سردار میر اکبر خان کا شمار خطے کے تجربہ کار سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ وہ چار مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور مختلف ادوار میں اہم وزارتیں بھی سنبھال چکے ہیں۔انہوں نے 2021 کے عام انتخابات سے کچھ عرصہ قبل پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ دو بار مسلم لیگ (ن)، ایک بار مسلم کانفرنس اور ایک بار پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔آج کی پریس کانفرنس میں ان کی واپسی کو مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے لیے سیاسی طور پر اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔















































