ابو ظہبی(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز سرفراز احمد نے اپنی مستقل مزاجی کی بنیادپر ایک اہم سنگ میل عبور کرلیاہے۔ایک غیر ملکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ٹیسٹ کیریئر میں 33اننگز کھیل کر بھی ابھی تک صفر پر آﺅٹ نہیں ہوئے۔قبل ا زیں یہ اعزاز بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اوپنر بیٹسمین سعید انور کے پاس تھا۔اس منفرد ریکارڈ کے حامل کھلاڑیوں میں دنیا بھر میں پہلا نمبر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیولیئرز کا ہے جو 78اننگز کھیل کر پہلی مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوئے۔سرفراز احمد اس فہرست میں مجموعی طورپر 49ویں جبکہ پاکستان کے پانچویں بلے باز ہیں۔پاکستان کی جانب سے پہلے ڈک سے قبل سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا اعزاز یاسر حمیدکے پاس ہے جو 46اننگز کھیل کر پہلی مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوئے۔دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں صادق محمد (40اننگز)،عمران فرحت (36اننگز)اور وقار حسن(35اننگز)شامل ہیں۔سرفرازاحمد کیریئر کی جس سطح پر ہیں ان سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اس منفرد اعزاز کی فہرست میں اپنا نام مزید بہتر کرنے کے قابل ہیں۔